انسداد دہشتگردی ترمیمی بل بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ، رضا ربانی

انسداد دہشتگردی ترمیمی بل بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ، رضا ربانی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2024 کا قومی اسمبلی میں پیش کیا جانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، بل کے تحت حکومت اور سول آرمڈ فورسز کو 3 ماہ تک حراست میں رکھنے کا اختیار دیا جارہا ہے ۔

ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ یہ بل آئین میں دی گئی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔دہشتگردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے ، حکومت کو یہ جواب دینا ہوگا کہ وہ کیوں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کے ان کیمرا اجلاس میں دہشتگردی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے ۔رضا ربانی نے مزید کہا کہ نئی مجوزہ ترمیم حکومت اور مسلح افواج کو کسی فرد کو 90 دن کے لئے حراست میں رکھنے کا اختیار دیتی ہے ، اس حراست کو3 ماہ کی اضافی مدت کیلئے بڑھایا جاسکتا ہے ، یہ آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے ۔رضا ربانی کے مطابق بل کے ترمیمی سیکشن11 میں استعمال ہونے والے الفاظ مبہم ہیں، انہیں کسی بھی طرح تعبیرکیا جاسکتا ہے ، قومی مفاد کی اصطلاح مبہم ہے ، اسے دہشتگردوں کی گرفتاری کے علاوہ دیگر مقاصد کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کا ماضی میں غلط استعمال ہوتا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں