نوازشریف نے پی آئی اے خریدنے کا نہیں کہا:عظمیٰ بخاری

نوازشریف نے پی آئی اے خریدنے کا نہیں کہا:عظمیٰ بخاری

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 2025 میں 630 ارب روپے کا سر پلس بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔

میاں نواز شریف نے یہ بالکل نہیں کہا کہ پنجاب حکومت پی آئی اے خریدنے جا رہی ہے ،کے پی حکومت کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے کے تو پیسے نہیں، مگر یہ لوگ پی آئی اے خریدنے کے خواب دیکھتے ہیں،یہ بات لطیفے سے کم نہیں ہے کہ مریم نواز، گنڈا پور کو فالو کرتی ہیں۔ تمام پاکستانی چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ایئر لائن بہتر ہو، اگر کراچی کے سرمایہ کار پی آئی اے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہے ۔ عظمیٰ بخار ی نے ڈی جی پی آر لاہو ر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کا پی آئی اے کو خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں ، کوئی بھی صوبائی حکومت اپنے طور پر ایئرلائن لانچ کرسکتی ہے ، نوازشریف نے کہا اگر ایئر پنجاب پرعملدرآمد ہوجائے تو اچھی بات ہے ۔کل ایک خبر چھپی جس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے علاوہ باقی تمام صوبوں کی مالی حالت ٹھیک ہے ، یہ خبر حقائق کے بالکل منافی ہے ، 2025 میں پنجاب 630 ارب روپے کا سر پلس بجٹ پیش کرنے جا رہا ہے ،پنجاب نے انیس سو باون کے بعد سے گندم کا تمام واجب الادا قرض ادا کردیا ،مریم نواز پنجاب میں بہترین پراجیکٹس لا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے ،ہمارے علم میں ہے کہ انڈین پنجاب کی طرف سے بھی سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں،وزیر اعلٰی بہت جلد سی ایم انڈین پنجاب کواس حوالے سے خط لکھیں گی۔ ان کا کہناتھاکہ کے پی میں جیل ریفارمز کی زیادہ ضرورت ہے ، وہاں مجرم جیلیں توڑ کر فرار ہو جاتے ہیں۔ کے پی کے جنگل میں آگ لگی تو انکی انقلابی فائر بریگیڈ کے پاس گاڑیوں کے لئے ڈیزل ڈلوانے کے پیسے تک موجود نہیں تھے ۔ بشریٰ بی بی کا عدالت میں روسٹرم پر خود سے آنا اورروتے ہوئے گفتگو کرنا ایک اچھا میڈیا سٹنٹ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں