لاہور:آج ، کل اور پرسوں بدترین سموگ کا خدشہ
لاہور(کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گزشتہ صبح لاہور پھر سرفہرست آگیا، شہر کو سموگ کے نئے سپیل کا خطرہ ،محکمہ ماحولیات نے نیا ریڈ الرٹ جاری کردیا۔
سیکرٹری تحفظ ماحول وترجمان نے بتایا بھارت سے آلودہ ہوا ئوں کا دبا ئو بدستور لاہور کی جانب ہے ۔ 24 گھنٹے میں بھارتی ہواؤں سے شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس پھر شدید متاثر ہوگا۔آج ، کل اور پرسوں بدترین سموگ کا خدشہ ہے ، اے کیو آئی 600 سے 700 تک پہنچ سکتا ہے ۔ ادھر متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ،پنجاب میں آنکھ ، کان اور گلے کی بیماریاں پھیلنے لگیں،مزید درجنوں مریض ہسپتال پہنچ گئے ۔دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 609اے کیو آئی کے ساتھ منگل کو لاہور پھر سرفہرست رہا، بھارتی شہر دہلی کا دوسرا نمبر رہا۔ جوہر ٹائون اے کیو آئی320 ،مال روڈ کا 475 ،عسکری 10 کا 511 ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں تاحال بارش کا امکان نہیں ۔۔ادھرملتان میں فضائی معیار بھی انتہائی مضر صحت ہے ، ملک کے آلودہ ترین شہروں میں ملتان دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 569تک پہنچ گئی جبکہ پشاور تیسرے ،ہری پور چوتھے ،اسلام آباد پانچویں ، راولپنڈی چھٹے اور کراچی ساتویں نمبر پر ہے ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آلودگی کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے چلنے والے بھٹوں کو گرانا، سڑکوں اور بازاروں میں پانی کا چھڑکاؤ اور ماحولیاتی افسروں کے فیلڈ آپریشنز جاری ہیں۔ضرورت پیش آئی تو مصنوعی بارش کا آپشن بھی استعمال کیا جائے گا۔ عوام ماسک کا استعمال یقینی بنائیں ،خاص طور پر بزرگ، مریض اور بچے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسان فصلوں کی باقیات جلانے سے اجتناب کریں ۔