توشہ خانہ ٹو:بشریٰ بی بی کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور
راولپنڈی (خبر نگار)سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹوکیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کی بریت درخواستوں پر وکلاء صفائی کے دلائل جاری رہے ، پراسیکیوٹرکی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی مخالفت کی گئی،وفاقی حکومت کے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے دلائل دیئے کہ بریت کی درخواستیں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش ہیں ،عدالت فرد جرم عائد کرنے کیلئے تین،چار تاریخیں دے چکی مگر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جارہی، عدالت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرے ، وکیل صفائی سلیمان صفدر نے کہابانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی بریت کے حق میں کچھ دستاویزات جمع کروانا چاہتے ہیں وقت دیا جائے ،عدالت نے سماعت 8 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی ۔