ظلم ولا قانونیت جاری،لوگ احتجاج کیلئے باہر نہ نکلیں تو کیاکریں:پی ٹی آئی

ظلم ولا قانونیت جاری،لوگ احتجاج کیلئے باہر نہ نکلیں تو کیاکریں:پی ٹی آئی

اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک ) پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے خواجہ شیراز کا جو موقف تھا اس کی وجہ سے انہیں اٹھایا گیا، ان حالات میں بھی لوگ باہر نہ نکلیں اور احتجاج نہ کریں تو پھر کیا کریں۔

سلمان اکرم راجہ، شیخ وقاص اکرم اور فیصل امین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خواجہ شیراز کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، گھر میں ڈالے آئے ، ملتان میں ان کا گھر توڑا گیا اور ان کے گھر والوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے انہیں اسلام آباد لایا گیا ہے ، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سپیکر سے بھی گزارش کرتے ہیں کہ وہ قومی اسمبلی کے ممبر ہیں، تین جنوری کو سپریم کورٹ نے ایک آرڈر جاری کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ آئندہ کسی کو بھی گھر سے اٹھایا نہیں جائے گا اگر وہ کسی پرچے میں مطلوب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات میں نے وزیراعظم کے بھی گوش گزار کی تھی، ہمارے ایم این ایز کو اسمبلی کے اندر سے اٹھایا گیا، اس کے بعد کمیٹی بنی جس کا مقصد پارلیمنٹیرینز کا تحفظ تھا، ہم نے خصوصی کمیٹی میں یہ کہا تھا کہ آپ پارلیمنٹیرینز کو تحفظ فراہم کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج تک ظلم اور لاقانونیت ختم نہیں ہوئی ، ان حالات میں بھی لوگ باہر نہ نکلیں اور احتجاج نہ کریں تو پھر کیا کریں۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا ایک طرف کہا جاتا ہے کہ ووٹ کو عزت ملنی چاہیے اور دوسری طرف ووٹ پر بنے ایم این ایز کو بے توقیری سے اٹھایا جاتا ہے ۔ عوام کا نمائندہ جب اٹھایا جائے گا تو عوام میں نفرت ہی پیدا ہوگی۔ ہم اس کو کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔ نامزد سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کی نظر یں پاکستان پر ہے ، پاکستان میں جو لاقانونیت چل رہی ہے یہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے ، ہم یہ سب مزید نہیں ہونے دیں گے ، ہم اب احتجاج کریں گے ۔ اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایوان میں نیا قانون پیش کیا گیا ہے کہ بلاول اور نواز شریف نے عدالتوں کا جنازہ نکال دیا، عدالت اب عدالت نہیں رہی، ملک خدانخواستہ خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے ۔اسد قیصر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں علیحدگی کی تحریک چل رہی ہیں، عوام کو دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی، یہ حکومت آپ کو ہضم نہیں کرنے دیں گے ، جنگ آپ نے شروع کی تھی ختم ہم کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں