اے اللہ امت کی پریشانیاں ختم کردے،فلسطین کو فتح نصیب فرما:رائیونڈ اجتماع کا دوسرا مرحلہ ختم
رائے ونڈ(این این آئی ،آن لائن )رائیونڈ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آہوں، سسکیوں اوررقت آمیز دعاکے ساتھ اختتام پذیرہوگیا ،اختتامی دعامولانا ابراہیم دیولہ آف انڈیانے کروائی،انہوں نے دعا کی اے اللہ امت کی پریشانیاں ختم کر دے ،فلسطین کو فتح نصیب فرما، مسلمان ملکوں میں اتحاد اور امن کی فضا پیدا کر دے۔
مقروضوں کے قرضوں کی ادائیگی کے لئے غائب سے اسباب پیدا فرما،پوری دنیا میں دینی مدارس کی حفاظت فرما،یااللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما،اپنی رحمتوں و برکتوں کا نزول فرما،دعوت و تبلیغ کے کام کو پوری دنیا میں پھیلا دے ۔ دعا سے قبل لاکھوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبیدا للہ خورشید نے کہا کہ دعوت وتبلیغ کے ذریعے مسلمانوں کی زندگیوں میں تبدیلی آنی چاہیے ،دنیاوی معاملات کو اسلامی شریعت کے مطابق انجام دینا ہوگا ،مسلمان کو دھوکہ نہیں دینا ، مسلمان نہ ہی دھوکہ دیتا ہے اور نہ ہی دھوکہ کھاتا ہے ،مساجد کو آباد کرنا ہوگا ۔پورا دین دلوں کو جوڑنے کے لیے ہے ۔خدمت میں میانہ روی کو اختیار کرنا ہے ، اللہ کے راستے میں خرچ کرنا بہت بڑا عمل ہے ۔جدیدٹیکنالوجی کی موجودگی میں بھی اللہ کے دین کی دعوت ہر انسان تک پہنچانا ہر امتی کی ذمہ دا ری ہے ، مساجد کی آباد کاری بہت بڑا عمل ہے مسجد میں جانے کا مقصد نمازیوں کے حالات جاننا ہے ،اجتماعی زندگی سکھانا اور سیکھنا ہے۔
دعوت وتبلیغ کے امور انجام دینے کیلئے مساجد میں مشور ہ کیا جائے ،مشورہ میں کسی رتبہ ،خواہش اور مقام کومد نظر نہ رکھا جائے ،اجتماعیت کو اہمیت دی جائے ،نماز زندگی کو پاکیزہ بناتی ہے ، نماز برے اعمال سے روک دے گی،ختم نبوت کی وجہ سے دعوت ہمارے ذمے لگ گئی ہے ،ہر بستی،ہر گھر سے دین کی سرفرازی اور سربلندی کے لیے نکلنا اور نکالنا ہوگا، ہمیں دین کی ترویج واشاعت کیلئے منتخب کیاگیا ہے ۔ دعا سے قبل مختصر بیان دیتے ہوئے مولانا ابراہیم دیولہ نے کہا کہ اللہ کریم اپنی شان دیکھ کر عطا فرماتے ہیں،مخلوق پیدا کرنے کی حکمت ہے ،اللہ کہتا ہے کہ مجھے پکارو میں جواب دوں گا، تمہاری دعائیں قبول کروں گا،کوئی ناامید نہ ہو،امیدوار رہو،جنت کے بھی امیدوار رہو،دعا مانگنے والا رب کائنات کو پسند ہے ۔دعائیں رد نہیں ہوتیں محفوظ ہوتی ہیں،اللہ نے دعا قبول کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔اللہ نے اپنے کرم کا اظہار کرنے کیلئے مخلوق پیدا کی ہے تاکہ وہ اللہ سے مانگے ،جو بندہ اللہ سے مانگے وہ اللہ کو پسند ہے ۔اللہ کہتا ہے کہ مجھے پکارو میں جواب دوں گا، تمہاری دعائیں قبول کروں گا۔یہ صلائے عام ہے دین سیکھوتاکہ دنیا وآخرت میں ناکامی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔