کسان باہر نکلا تو آپ سے روکا نہیں جائے گا:چیئرمین کسان اتحاد
لاہور(کامرس رپورٹر )چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین نے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ کسان اگر باہر نکلا تو آپ سے روکا نہیں جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر گنے کی قیمت مقرر نہ کی گئی تو 20 نومبر کو پنجاب اسمبلی کے باہر بھرپور احتجاج کریں گے اور اگر کسان ایک بار سڑکوں پر آ گیا تو پھر آپ سے روکا نہیں جائے گا۔چیئرمین کسان اتحاد نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہماری تین جماعتوں سے میٹنگ ہے اور وہ جماعتیں جو حکومت میں نہیں ہیں، انہیں اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے ۔ گنے کی کاشت میں جتنی دیر ہوگی کسان کو نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گنا میرا، گندم میری اور وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ آٹا سستا دو۔ نہ جانے ان کا کون سا ایڈوائزر انہیں سستا آٹا دینے کا مشورہ دے رہا ہے ؟ گندم کی کاشت پر کسان کا خرچ آتا ہے چار ہزار ، مریم بی بی کہتی ہیں کہ 2600 میں دے دیں تو یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے ، مریم نواز اتنی نفرت پیدا نہ کریں۔ ایسا وقت بھی آنے والا ہے کہ 20 روپے کی روٹی 100 روپے کی ملے گی کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے انہیں باہر سے بھی گندم نہیں ملے گی۔