پنجاب اسمبلی :فائز عیسیٰ پر لندن حملہ کیخلاف قرارداد منظور
لاہور(سیاسی نمائندہ ،مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی اجلاس میں سپیکر ملک احمد خان نے ایف آئی آر میں نام آنے پر کریکٹر سرٹیفکیٹ میں ریکارڈ یافتہ ظاہر کرنے پر نوٹس لے لیا۔
لندن میں سابق چیف جسٹس فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظورجبکہ مسیحی براداری کیلئے کرسمس پر تحائف10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار کرنے کی قرار داد بھی منظور کر لی گئی ۔سپیکر کی زیر صدارت اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ احسن رضا نے فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کیخلاف قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ حملہ فائز عیسیٰ نہیں پورے پاکستان پر کیاگیا ۔ ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔سپیکر نے رولنگ دی کہ اس قرارداد کی کاپی وفاقی حکومت کو بھیجی جائے ۔رانا ارشد نے کہا فائز عیسیٰ پر حملہ کرنیوالے شر پسند عناصرکوسزا ملنی چاہئے ۔ امجد جاوید نے مافیا کی جانب سے کسان کارڈ پر زائدرقوم لینے کا انکشاف کیا جس پر صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کسان کارڈ پر بینک کٹوتی پر نوٹس لینے کااعلان کیا ۔ راناشہباز نے بھی کسان کارڈ پر زائد پیسے لینے پر توجہ مبذول کرائی۔سپیکر نے مقدمہ میں کسی بھی شخص کا نام آنے پر کریکٹر سرٹیفکیٹ حصول پر متعلقہ شخص کو ریکارڈ یافتہ ڈکلیئر کرنے کیخلاف رولنگ دی کہ آئی جی معاملہ حل کریں۔وزیر پارلیمانی امور نے اپوزیشن رکن ضمیر بھٹی کی گھر پر چھاپے کی تحریک استحقاق کے جواب میں کہا وہ غیر قانونی مجمع جمع کرنے کے مرتکب ہوئے جس پر پولیس نے ایکشن لیا، انکے ڈیرے پر اشتہاری موجودگی کی بھی اطلاع تھی ۔ سپیکر نے کہامسئلہ سنگین ہے ، معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد کرتا ہوں۔ سپیکر نے تحریک التوائے کار کے جواب نہ آنے پر وزرا کو جواب جلد منگوانے کی ہدایت کردی۔ راحیلہ خادم نے کرسمس پرحکومتی تحائف کی تعدادبڑھانے کی قرارد اد پیش کی جسے متفقہ منظور کر لیا گیا ۔علی حیدر گیلانی نے رکن اسمبلی ممتازچانگ کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا اورکہا اسکا قصور یہ ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آواز اٹھائی، کچے میں چند ایس ایچ اوز نے پولیس سٹیٹ بنائی، جب چاہیں لوگوں کو اٹھا لیتے ہیں جس پر سپیکر نے کمیٹی بنانے کا حکم دیدیااورکہا ممتاز چانگ کو خطرات پر میٹنگ کروں گا آر پی او کو بلا کر پوچھیں گے ۔ ایوان نے زرعی انکم ٹیکس بل پر عام بحث کیلئے جمعرات کا دن مختص کیا ، سپیکر نے ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔