سندھ :ملک کی پہلی ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی کا ڈرافٹ منظور
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی کا مسودہ منظور کر لیا گیا۔
سندھ کے اسکولز اور کالجز کے داخلہ فارم میں مرد اور خواتین کے خانے کے ساتھ ٹرانس جینڈر بچوں کے لئے بھی خانہ شامل کرنے اور اساتذہ کی بھرتیوں کے دوران نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنے کو بھی پالیسی کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ پالیسی کو قانونی حیثیت دینے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ 2023 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان میں ٹرانس جینڈر افراد کی تعداد 20331 ہے ، جبکہ سندھ میں 2023 کی مردم شماری کے تحت 4,222 افراد ٹرانس جینڈر کمیونٹی سے ہیں۔