تحریک انصاف سے اتحاد کا فی الحال امکان نہیں:غفورحیدری
اوستہ محمد ( آئی این پی )جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے کسی کو اس سے نہیں روکنا چاہئے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کا کوئی علم نہیں، نہ ہی تحریک عدم اعتماد کی کوئی بات چل رہی ہے۔
جے یو آئی وفاقی حکومت کا حصہ نہیں بن رہی، تحریک انصاف سے اتحاد کا فل الحال کوئی امکان نہیں، بلوچستان کے حالات فیصلہ ساز قوتوں کے غلط فیصلوں سے خراب ہیں، حقوق مانگنے والوں کو گولی سے چپ کرانا انصاف کا تقاضہ نہیں بلکہ ظلم و زیادتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ قاسم العلوم میں جے یو آئی رہنما مولانا فدا احمد ڈول کے انتقال پر ورثا سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔مولانا حیدری نے کہا بلوچستان کے لوگوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، ایوب خان سے مشرف تک صوبے میں کئی آپریشن ہوئے حالات سدھرنے کی بجائے مزید بگڑ گئے ، حقوق کیلئے آواز بلند کرنیوالوں کیخلاف مسلسل کارروائیاں کی جارہی ہیں، جب تک اصل مسائل پرتوجہ نہیں دی جائیگی حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے ،تمام صوبوں کو حقوق دئیے جائیں، بلوچستان کے قدرتی وسائل، سندھ کے جزائر ،وسائل اورکے پی سے نکلنے والی گیس پر مقامی افراد کا پہلا حق ہے ، کوئی کسی کا آئینی حق غصب نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا بلاول کہتے ہیں کہ ن لیگ معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کررہی،معاہدے کیا تھے ، بلاول قوم کے سامنے لائیں۔