امریکی کانگریس کابائیڈن کو خط حیرانی کی بات نہیں:تھنک ٹینک

امریکی کانگریس کابائیڈن کو خط حیرانی کی بات نہیں:تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ صدر بائیڈن کو جوخط لکھا گیا ہے اس کا کریڈٹ عمران خان کو نہیں دے سکتے ،اس کا تعلق وہاں کی سیاست سے ہے۔

 امریکا میں جو پاکستانی رہتے ہیں ان کے پاس ووٹ کی پاور ہے ،یہ فنڈنگ بھی کرتے ہیں، یہ ان کے سیاسی وزن کی وجہ سے ہورہا ہے ، یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے ،پارٹیاں لابنگ فرمز کو ہایئر کرتی ہیں،ہماری حکومتیں بھی لابنگ کیلئے فرمزہائر کرتی ہیں۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس نے صدر بائیڈن کو جوخط لکھا ہے اس کی ٹائمنگ بہت اہم ہے ،مقصد یہ ہے کہ ایک ماحول بنایا جائے ،مجھے نہیں لگتا ان خطوط سے تحریک انصاف اپنے مقاصد حاصل کرسکے گی،ٹرمپ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرینگے ۔ تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ خط سے پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ نہیں، امریکا کے پاکستان کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں،امریکا میں کوئی بندہ کتنی ہی لابنگ کرلے وہ کسی کھاتے میں نہیں لائیں گے ،اگر کوئی ایسا معاملہ ہوا تو پاکستان کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ اس کواہمیت نہیں دے گی۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ جو پاکستانی مغرب میں رہتے ہیں ان کا مزاج ذرا مختلف ہے ، ان کا مزاج وہ نہیں ہے جو پاکستان میں عام شہریوں کا ہے ،ان خطوط سے کوئی اثر نہیں پڑے گا، نہ ہی پاکستان پر کوئی پریشر آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں