بائیڈن کو خط اندرونی معاملات میں واضح مداخلت:پیپلزپارٹی

 بائیڈن کو خط اندرونی معاملات  میں واضح مداخلت:پیپلزپارٹی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،دنیانیوز)نائب صدر پیپلز پارٹی وسینیٹر شیری رحمن نے امریکی کانگریس ارکان کی جانب سے صدر بائیدن کو لکھے خط پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک انصاف مسلسل غیر ملکی مداخلت کو دعوت دے رہی ہے۔

، امریکی کانگریس ارکان کی  جانب سے صدر بائیڈن کو خط "حقیقی آزادی" کے بیانیہ کے تابوت میں ایک اور کیل ہے ، یہ خط پاکستان کے داخلی معاملات میں واضح طور مداخلت ہے ، کسی بھی دوسرے ملک کے سیاسی و قانونی معاملات میں مداخلت کرنا بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہے ،یہ خط پاکستان کے سیاسی نظام اور عدلیہ کی خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے ، یہ ایک خطرناک مثال بھی قائم کرتا ہے کہ کوئی ملک کسی دوسرے ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کو جائز سمجھنے لگیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی جانب سے امریکا میں پاکستان کے خلاف لابنگ کرنے کی کوششیں بھی قابل مذمت ہیں، یہ وہی سیاسی جماعت ہے جو ماضی میں "امریکی مداخلت" پر بیانیہ بنا کر سیاست کرتی رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی مفاد کی بجائے سیاسی مفاد کو ایک بار پھر فوقیت دی، امریکا میں آج بھی وہی حکومت ہے جو پہلے تھی، یہ خط کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر کیوں نہیں لکھوائے گئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سو فیصد گولڈ سمتھ کی کارستانیاں ہیں، خط وہ لکھوا رہے ہیں جن کا ایجنڈا ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ، بانی پی ٹی آئی ابھی بھی اسرائیل کا سٹراٹیجک ایجنٹ ہے ، پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ بانی کو کسی بھی طرح رہا کرایا جائے ۔سینئر تجزیہ کار محمد علی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت جلاؤ گھیراؤ، انتشار کی راہ پر گامزن ہے ،پی ٹی آئی والے آئین اور قانون پر عملدرآمد کے بجائے انتشار چاہتے ہیں ان کی اپنی کوئی آئینی و جمہوری سوچ نہیں۔سابق نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ امریکا میں لابنگ فرمز سے بائیڈن انتظامیہ کو خط لکھوا رہے ہیں، یہ 46 ارکان وہ ہیں جو پاکستان مخالف ہیں، بھارت اور اسرائیل نواز ہیں، جس امریکی حکومت پر الزام لگایا گیا کہ ان کی حکومت گرائی اب ان سے ہی مدد مانگی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں