قلات:سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ ناکام،6دہشتگرد ہلاک،7جوان شہید

قلات:سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ ناکام،6دہشتگرد ہلاک،7جوان شہید

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ) بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 6دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، بہادری سے لڑتے ہوئے 7جوان شہید ہوگئے ۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق قلات کے علاقے شاہ مردان میں دہشتگردوں نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز کی  چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسزکے جوانوں نے ناکام بنادیا ،اس دوران 6دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 4دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7جوانوں نے شہادت پائی، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے ،آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے ،وزیرِ اعظم نے قلات میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ وا قعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے ، دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے ، بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر صوبے کے لوگوں اور اس کی ترقی کے دشمن ہیں، ایسے مذموم ہتھکنڈے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ،دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ،ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے ، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا شہدا ہمارا فخر ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتے ،شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا،مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کی تمام شکلوں کی شدید مذمت کرتی ہے ،اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں