بانی پی ٹی آئی نے تمام پاکستانیوں کو نکلنے کی دعوت دی ، علیمہ خان
اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو صرف پارٹی کو نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کو باہر نکلنے کی دعوت دی ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا آٹھ فروری کو آپ نے ووٹ ڈالا لیکن انہوں نے آپ کو باہر نکال دیا اور چوروں کو پارلیمنٹ میں بٹھا دیا گیا، آپ اب غلام بن چکے ہیں؟ لہذا 24 نومبر کو اپنے اور اپنے بچوں کے لیے باہر نکلیں۔ جمہوریت کے تین ستون ہیں۔ ایک میڈیا، دوسرا جوڈیشری اور تیسرا عوام ہے ، تینوں ستون کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔ میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور وی پی این پر پابندی لگا دی گئی ،ہم پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کے خلاف نکلنا ہے ۔ باہر نکل کر بتائیں یہ نظام قبول نہیں ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ 24 نومبر میرے لیے اتنا ہی اہم ہے جتنا 24 نومبر 2011 کو میں تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس بار پر عزم ہے اور اس بار پنجاب بھی نکل رہا ہے ، پورے پاکستان سے اس بار لوگ اپنے لیڈر کی کال پر نکل رہے ہیں۔ اوور سیز پاکستانیوں سے بھی درخواست کروں گا کہ آزادی کے لیے نکلیں۔ علی محمد نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت ایک سیاسی لاش ہے جس کو لے کر شہباز شریف چل رہے ہیں۔