ای سی سی:اضافی بجلی کی قیمتوں میں کمی کی تجویز کی منظوری
اسلام آباد (اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے موسم سرمامیں تین ماہ کیلئے الیکٹرک اور دیگر ڈسکوز کے 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صنعتی،گھریلو ، تجارتی اور عام صارفین کے لیے اضافی بجلی کی قیمتوں میں کمی کی تجویز کی منظوری دیدی ۔
کمیٹی کااجلاس وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اور نگزیب کی زیرصدارت ہوا۔ وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کی جانب سے کے الیکٹرک اور دیگر ڈسکوز کے 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و گھریلو ، تجارتی اور عام خدمات کے صارفین کے لیے بجلی کی طلب میں اضافے اور گیس کی طلب میں کمی لانے کے اقدام کے طورپرسمری پیش کی گئی۔ سمری کی تجویز کے تحت متعلقہ مہینوں میں بنچ مارک کھپت سے زیادہ کھپت کے حامل صارفین کو بجلی کی اضافی کھپت پر 26.07 روپے فی کلو واٹ گھنٹہ کا نرخ چارج کرنے کی سفارش کی گئی۔تجویز کااطلاق دسمبر سے فروری 2025 تک کے تین ماہ کے بلنگ پیریڈ کے دوران ہوگا۔ای سی سی نے تجویز کے تفصیلی جائزہ کے بعد اس کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سابقہ ایمرجنسی ریلیف سیل کے 3.140 ارب روپے کے بیلنس کو اتھارٹی فنڈ میں منتقل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔اسی سی سی نے تجویز کی منظوری دیتے ہوئے قرار دیا سابقہ ایمرجنسی ریلیف سیل میں موجود بیلنس عوامی عطیات سے بنے تھے اور یہ رقوم سیلاب اور زلزلے کے متاثرین کی امداد، بچاؤ اور بحالی کے لیے مختص کی گئی تھیں اس لیے این ڈی ایم اے فنڈز کو انہی مقاصد کے لیے ہی خرچ کرے گا۔