ٹیکس چور ، ذخیرہ اندوز شوگر ملز مالکان کیخلاف کارروائی کی ہدایت
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی )وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس کی چوری، غیر دستاویزی فروخت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔وزیراعظم نے ہدایت کی شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنایا جائے ، شوگر کین کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے ، شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداد نے ملاقات کی۔شہباز شریف نے کہا اقتصادی تعاون مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کررہے ۔