کک بیکس ریفرنس:پرویزالٰہی ودیگر ملزم فرد جرم کیلئے طلب
لاہور(عدالتی رپورٹر) احتساب عدالت میں ترقیاتی منصوبوں کی اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصولی کے ریفرنس پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی کے شریک ملزم محمد خان بھٹی کی ریفرنس سے بریت کی درخواست خارج کردی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز الٰہی سمیت تمام ملزموں کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت میں دلائل دئے اور موقف اختیار کیا کہ پرویز الٰہی اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے ۔پرویز الٰہی احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے ۔ پرویز الٰہی کی جانب سے عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔عدالت نے کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔