قائمہ کمیٹی کاعوامی تحفظ، شکایات کمیشنز نہ بننے پراظہار تشویش
لاہور(سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے لا ریفارمزو قانون سازی کا اجلاس ہوا۔ پولیس احتساب، قانون سازی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر غورکیا گیا۔
شرکا نے صوبائی و ضلعی سطح پر عوامی تحفظ اور شکایات کمیشنز کے عدم قیام پراظہار تشویش کرتے کہا یہ کمیشنز پولیس آرڈر 2002 کے تحت قانونی تقاضا ہیں22 سال گزرنے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ یہ کمیشن پولیس کی بدعنوانیوں کو روکنے ، شفافیت یقینی بنانے اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے اہم ہیں۔ کمیٹی نے حکومت کو دو ہفتوں میں صوبائی عوامی تحفظ اور شکایات کمیشن قائم کرنے کی ہدایت کی جس پر حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی تحفظ و شکایات کمیشنز کی تشکیل میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم کرائی جائیگی۔سپیکر نے کہا جمہوریت میں منتخب ارکان اوروزرا عوام کو جوابدہ ہیں، محکمہ کے سیکرٹریز نہیں۔ وزرا کو محکموں پر مؤثر نگرانی کامکمل اختیار ہونا چاہیے ۔ اسمبلی نمائندوں کو اصلاحات کے ذریعے بااختیار بناناچاہتی ہے تاکہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔اجلاس میں ایم پی اے امجد جاوید کی سربراہی میں سب کمیٹی تشکیل دی گئی جو کمیشن کے قیام کی نگرانی اور ضلعی کمیشنز کو فعال کرنے میں رکاوٹوں کی نشاندہی کریگی۔