سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر انتقال کرگئے ، وزیر اعظم کا اظہار افسوس
اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار،اے پی پی )پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر مختصر علالت کے بعد جمعرات کو مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔ نذیر جونیئر 5 برس قبل ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے جس کے بعد ان کی طبیعت خراب رہنے لگی تھی۔
طبعیت خراب ہونے پر ان کے بیٹے نعمان نذیر نے کچھ روز قبل پی سی بی اور اعلی ٰحکام سے علاج کیلئے اپیل بھی کی تھی۔ مرحوم کو 14 ٹیسٹ اور4 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کااعزاز حاصل تھا جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر37 وکٹیں حاصل کی تھیں ،وہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد امپائر بن گئے ۔انہوں نے 70-1969 میں کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا اور99 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں۔34 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے ریلوے کی نمائندگی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سابق پاکستانی کرکٹر نذیر جونیئر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں انہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابق ٹیسٹ کرکٹر وامپائر نذیر جونیئر کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی وتعزیت کااظہار کیاہے