گاڑیاں جلانے کے 4مقدمات میں شاہ محمودودیگر پر فرد جرم عائد
لاہور، اسلام آباد (عدالتی رپورٹر، کورٹ رپورٹر ، اپنے نامہ نگار سے )انسداد دہشتگردی عدالت میں تھانہ شادمان نذرآتش، مغلپورہ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے 4 مقدمات پر پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظرعلی گل نے تھانہ شادمان نذر آتش، مغل پورہ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے 4 مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی ، عمر سرفراز چیمہ ، اعجاز چودھری ، محمود الرشید سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت نے 2 دسمبر کو ملزموں کیخلاف گواہان کو شہادت کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت نے 3 مقدمات میں سماعت کی تاریخ 28 نومبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر 3 مقدمات میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سپورٹر ارسلان الیاس کی بازیابی کیلئے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی،جسٹس شہباز رضوی نے مغوی کے والد الیاس صادق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے مطابق ارسلان الیاس بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا ہے ،وکیل نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی، عدالت نے استدعا منظور کرلی۔انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف سپریم کورٹ احتجاج کیس میں بیرسٹر گوہر خان کی عبوری ضمانت میں 2 دسمبر تک توسیع کر دی ۔ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں گوہر خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی تو گوہر اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے ۔ عدالت نے بیرسٹرگوہر کی عبوری ضمانت میں 2 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔