وزیراعلیٰ سندھ کا مشترکہ مفادات کونسل اجلاس بلانے کا مطالبہ
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آئین کی دفعہ 154 (4) کے تحت ہر 90 روز میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا لازمی ہے ، 9 ماہ ہو چکے ایک اجلاس بھی نہیں بلایا گیا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ آئین کی رو سے اب تک 3 اجلاس ہونے چاہئے تھے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کو ہر صورت اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانا چاہیے ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے پروبیشنری آفیسرز نے بھی ملاقات کی۔