کرم ،جاں بحق افراد 44 ہوگئے ،پاراچنار میں سوگ ،شٹرڈائون
پشاور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہوگئی۔
ہسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ 42 افراد قافلے میں شامل گاڑیوں میں جبکہ مزید 2 افراد مختلف علاقوں میں جاں بحق ہوئے ، جاں بحق 42 افراد کی میتیں پاراچنار پہنچا دی گئیں جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں آبائی علاقوں کیلئے روانہ کردیا گیا ،خوفناک حملے میں بڑی تعداد میں اموات پر پارا چنار میں سوگ کی فضا رہی اور تاجر برادری نے مکمل شٹر ڈاؤن کیا،شہر میں کاروباری مراکز اور بازار بند رہے ۔دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین نے جیکب آباد میں سانحہ پاراچنار کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا، علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا شہداپارا چنار کے لواحقین اگر ملک بھر میں احتجاج کی کال دیتے ہیں تو ملک بھر میں دھرنے دئیے جائیں گے ،بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کوگرفتار کر کے سزا دلائی جائے ۔