بشریٰ بی بی احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی :پی ٹی آئی
اسلام آباد ،پشاور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں وہ پی ٹی آئی کے ا حتجاج میں شریک نہیں ہوں گی جبکہ سابق خاتون اول کی ترجمان مشعال یوسف زئی کا کہناہے۔
کہ بشریٰ بی بی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے احتجاج میں شرکت نہیں کرسکیں گی جبکہ بشریٰ بی بی کا ویڈیو بیان پی ٹی آئی کی آفیشل سوشل میڈیا سائٹ سے ہٹادیاگیا۔ترجمان پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے ایک بیان میں کہاکہ سابق خاتون اول احتجاج میں شامل نہیں ہوں گی، وہ گھریلو خاتون ہیں اور اس حوالے سے ہم گزشتہ 5 روز سے بار بار واضح کرچکے ہیں۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ احتجاج میں جانے کا بشریٰ بی بی کا پلان تھا نہ ہے اور نہ ہی ہوگا اور وہ احتجاج میں نہیں جائیں گی۔دوسری جانب بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے بشریٰ بی بی کے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ طبیعت خراب ہونے کے باعث وہ احتجاج میں شامل نہیں ہوسکیں گی ۔سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بیان پر وزرا کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنے کے بعد پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹوئٹ حذف کردی گئی۔ اس معاملے پر پی ٹی آئی کی قیادت نے بشریٰ بی بی کے بیان سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔