نوکریاں نہ دینے کیخلاف درخواست سندھ حکومت و دیگر فریقین کو نوٹس
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سکھر آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو نوکریاں نہ دینے کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق راشد جتھیال اور مختیار رند سمیت سکھر آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے 62 امیدواروں کی جانب سے مختلف گریڈز کی ملازمتیں نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جون 2023 میں صوبے کے مختلف محکموں میں بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ کا اشتہار دیا گیا تھا ،سیبا ٹیسٹنگ ایجنسی نے انٹری ٹیسٹ کی مد میں خطیر رقم وصول کی ، ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد امیدواروں نے 40 فیصد سے زائد نمبر لے کر ٹیسٹ پاس کیا ، شرائط کے مطابق ٹیسٹ کا رزلٹ تین سال تک موثر رہے گا اور نوکری کے لیے زیر غور لایا جائے گا تاہم درخواست گزاروں کو مختلف محکموں میں بھرتی کے لیے نظر انداز کیا جارہا ہے ، محکموں کی جانب سے انٹرویو کے لیے بھی نہیں بلایا جارہا۔ عدالت نے سندھ حکومت و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے تین ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔