بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان پر 9واں مقدمہ درج
گوجرانوالہ، لاہور (کرائم رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف سعودی عرب کے حوالے سے بیان دینے پر مختلف شہروں میں درج مقدمات کی تعداد 9ہوگئی ۔
گوجرانوالہ پولیس نے گزشتہ روز تیسرا مقدمہ درج کیا ،گکھڑ منڈی تھانے میں شہری سعیدبٹ کی مدعیت میں پیکا ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر کاٹی گئی ۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق بشریٰ نے متنازعہ بیان دیکر پاکستان اور سعودی عرب کی جذباتی وابستگی کو ٹھیس پہنچائی ہے جبکہ اشتعال انگیز بیان دیکر دو ممالک کے درمیان تعلقات پر ضرب بھی لگائی اور اس بیان سے مذہبی منافرت کو ہوا ملی ہے ۔ اس سے قبل تھانہ صدر اور سول لائن میں بشریٰ کیخلاف مقدمات درج کئے گئے تھے ۔ایک روز قبل ملتان میں تھانہ قطب پور میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ لیہ کے تھانہ سٹی میں ایف آئی آر کاٹی گئی ۔ شہری مقصود احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر اوکاڑہ میں بھی پرچہ کٹ گیا۔بہاولنگر کے تھانہ سٹی بی ڈویژن میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔2روز قبل ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں اس کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے ۔