کرم میں پی ٹی آئی حکومت نے مجرمانہ غفلت کی :بلاول
لاہور، کراچی (این این آئی ، آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ضلع کرم کی صورتحال پر رپورٹ طلب کر لی۔
جبکہ بلاول بھٹو نے ضلع کرم میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ اپنے بیان میں بلاول نے کہا کہ ضلع کرم میں پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔ ایک طرف ضلع کرم بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے ،تو دوسری جانب پختونخوا حکومت صوبے سے لاپتا ہے ۔ لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں ۔ بدامنی کے دوران حکومت کا خاموش تماشائی بننا دہشتگردوں کا اتحادی بننے کے مترادف ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت شہریوں کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو گئی ۔