لاہور میں پی ٹی آئی قیادت سمیت ایک انقلابی نظر نہ آیا، عظمیٰ
لاہور(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب کے عوام نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی کال کو مسترد کر دیا ہے، انقلاب ڈے کے حالات پنجاب میں تو دیکھ لئے، مجھے لاہور میں پی ٹی آئی کی قیادت سمیت ایک بھی انقلابی نظر نہیں آیا، تحریک انصاف کی فائنل کال پٹ گئی، پنجاب سے صرف 80 لوگ باہر نکلے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔
بشریٰ بی بی یہ جنگل کا قانون نہیں ، تم سلطانہ ڈاکو بن کر شوہر کو چھڑوا لے جاؤ گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈی جی پی آر میں پر یس کانفر نس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا تحریک فساد نے پولیس اہلکار مبشر کو شہید کر دیا جبکہ 70 پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا انتشاری ٹولے کے جتھے نے ایک ایف سی اہلکار کو بھی ٹانگ پر گولی ماری ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا یہ لوگ نو مئی پارٹ ٹو چاہتے ہیں، گنڈا پور نے باقاعدہ 1500 پولیس اہلکار سفید کپڑوں میں مانگے ہیں۔ انہوں نے کہا بشریٰ ریاست پر حملہ کرنے کے لئے پٹھانوں کو اکساتی رہیں اور ڈنڈا برداروں کو باقاعدہ لیڈ کرتی رہیں۔ انہوں نے کہا لاہور میں سکول،دفاتر اور مارکیٹیں کھلی ہوئی ہیں،پنجاب کے تمام شہر معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا پارا چنار اور کرم میں دہشتگردی کی کارروائیاں ہوئیں علی امین گنڈاپور کو وہاں جانا چاہئے تھا لیکن وہ وفاق پر چڑھائی کیلئے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا اگر اے کے 47 سے گاڑیاں توڑنے کے باوجود گنڈا پور کو عدالت سے حفاظتی ضمانت مل رہی ہے تو اس ملک کا خدا ہی حافظ ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا زرتاج گل صرف ڈھائی سو کارکنوں کے ساتھ گھر سے سفید جھنڈا لیکر نکلیں اس سے زیادہ کفن پوش انقلاب نہیں دیکھا ۔انہوں نے کہا جہاں انکی سوچ ختم ہوتی ہے وہاں سے ہم سوچنا شروع کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں کو اپنی گندی سیاست کے لئے لاشیں چاہئیں۔ فسادی گروہ ایک طرف ریاست پر یلغار تو دوسری طرف مذاکرات کیلئے ترلے اور منتیں کرتا ہے۔