ٹیکس میں اضافے کیلئے مضبوط دستاویزی نظام ناگزیر ، وزیرخزانہ
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ و ریونیوسینیٹر اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے مالیاتی شفافیت اور دستاویزات کے نظام کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے ،پاکستان کا مالیاتی نظام بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے سے نا صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وہ خزانہ ڈویژن میں ملاقات کیلئے آئے بین الاقوامی اکاؤنٹنگ سٹینڈرڈ بورڈ (آئی اے ایس بی)کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ وفد کی قیادت چیئرمین ڈاکٹر اینڈریاس کر رہے تھے ۔ وزیر خزانہ نے حکومتی پالیسیوں بارے آگاہ کرتے کہا حکومت پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنا کر پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاونت کو سراہتے کہا حکومت مالی نظم و ضبط کویقینی بنانے ، پائیدار ترقی اور وسائل کے موثر استعمال میں پرعزم ہے ۔انہوں نے یہ بات کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجی بن حسائن کی زیر قیادت ملنے والی بینک کی ٹیم سے ملاقات پرکہی۔بات چیت میں قرضوں کے موثر انتظام و انصرام کے انتظامی نظام کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ مالی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے اور خطرات کو کم کیا جا سکے ۔