اسلام آباد احتجاج:پنجاب حکومت اور پولیس ناکام:گورنر:پی ٹی آئی میں چلے جائیں:عظمیٰ

اسلام آباد احتجاج:پنجاب حکومت اور پولیس ناکام:گورنر:پی ٹی آئی میں چلے جائیں:عظمیٰ

لاہور(سپیشل رپورٹر،ایجوکیشن رپورٹر،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے اسلام آباد احتجاج میں پنجاب حکومت پی ٹی آئی والوں کو روکنے میں ناکام رہی، انہیں نکالنے کیلئے اچھا طریقہ استعمال کیا گیا۔

 وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا گورنر پنجاب اپنے آئینی کردار تک محدود رہیں، پی ٹی آئی سے ہمدردی ہے تو گورنر شپ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں چلے جائیں۔سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سلیم حیدر نے کہا اسلام آباد میں جو کچھ ہوا وہ غلط ہوا، غلطی دونوں طرف سے ہوئی،پنجاب حکومت اور پولیس کی ناکامی کی وجہ سے پی ٹی آئی والے اسلام آباد پہنچے ،صوبے میں کنٹینرز لگا کر ایسا محسوس کرایا گیا کہ کوئی سونامی آرہا ہے ، پنجاب حکومت کی حکمت عملی ناکام رہی تو یہ کس بات کا کریڈٹ لے رہے ہیں، جانی و مالی نقصان کے زیادہ ذمہ دار پی ٹی آئی والے ہیں تو کچھ کی ذمہ دار حکومت بھی ہے ، کٹی پہاڑی اٹک کے پاس پنجاب پولیس کو ایکسپائر شیل دئیے گئے جبکہ علی امین گنڈا پورنے سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پر دھاوا بولا، وفاق پر اس طرح دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وفاقی حکومت بھی ناکام ہوئی ہے وہ کوئی حکمت عملی نہیں بنا سکی بلکہ شہروں کو بند کرنے سے بڑے پیمانے پر نظام زندگی کو معطل کرنا بھی ناکام حکمت عملی کا ایک ثبوت ہے ۔پی ٹی آئی والوں کو اسلام آباد سے نکالنے کا صحیح طریقہ استعمال کیا گیا۔

گورنر نے پیپلز پارٹی کے رہنما طارق سعید جٹ کی رہائشگاہ گاؤں تارو گل، اڈاپلاٹ رائے ونڈ روڈ پر پیپلز پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا۔کنسلٹنٹ انسدادِ منشیات مہم سید ذوالفقار حسین کی زیرقیادت ملنے والے ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب کے 6 رکنی وفد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا دسمبر میں منعقد ہونے والی وائس چانسلرز کانفرنس میں منشیات جیسے اہم مسئلے پر بات کریں گے ۔گورنر ہائوس میں لاہور پریس بائٹری چرچ اور پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ وسطی پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا کے زیر اہتمام رکشوں کی تقسیم کی تقریب بھی ہوئی، اس موقع پر 100کے قریب رکشے مسیحی برادری کے غریب اور مستحق افراد کو دئیے گئے ۔دریں اثنا پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے گورنر پنجاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گورنر پنجاب کو تحریک انصاف سے اتنی زیادہ ہمدردی ہے تو وہ گورنر شپ سے استعفٰی دے کر پی ٹی آئی میں چلے جائیں۔تحریک انصاف کے لوگ خود اپنی قیادت پر تنقید کر رہے ہیں لیکن گورنر پنجاب کو اب ان سے ہمدردی ہو رہی ہے ۔حکومت کیسے چلانی ہے ، انتظامیہ کیسے چلانی ہے یہ حکومت بخوبی جانتی ہے ، گورنر کی باتوں میں تضاد ہے ۔گورنر پنجاب اس طرح کے مشورے اپنی پارٹی کو دیں اور پنجاب میں صرف آئینی حیثیت سے اپنے عہدے پر رہیں اور حکومتی معاملات میں مداخلت مت کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں