خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں:وزیردفاع

خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں:وزیردفاع

سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 3 بار وفاق پر چڑھائی کی لیکن حکومت کا خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ،افغانستان سے حملہ آور سرحد عبور کرکے پاکستان میں آکر حملے کر رہے ہیں ۔

 طالبان سرحد پار کر رہے ہیں، یہ صورتحال ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے ، پاراچنار میں فرقہ وارانہ خلفشار پیدا کیا جارہا ہے ، پاراچنا رمیں باقاعدہ طالبان کی پشت پناہی ہے تاہم صوبائی حکومت مکمل خاموش ہے ۔خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں کہاکہ پی ٹی آئی نے وفاق پر تیسرا حملہ کیا، گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں نے بتایا کہ انہیں پیسے دے کر دھرنے میں لایا گیا، یہ بھی کہا گیا کہ اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کرنی ہے ۔ دنیا کی کسی جنگ میں بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کی طرح دم دبا کر بھاگنے کی مثال آپ کو نہیں ملے گی، تحریک انصاف کی جانب سے لاشوں کا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے ، سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ، علی امین گنڈاپور سمیت ہر لیڈر خود سے مرنے والوں کی الگ تعداد بتاتا رہا۔پاکستان آئینی ریاست ہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی کوئی سوچ نہیں ، پاکستان میں دوہری شہریت کو ختم ہونا چاہئے ، باہر کے ملکوں کی گلیوں اور محلوں میں پاکستان کو بدنام نہیں ہونے دیں گے ۔

خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کے دوران مارچ سے گرفتار کئے گئے شر پسندوں کی ویڈیوز بھی چلائیں ۔ان کا کہناتھاکہ لشکروں کے ذریعے کسی کو اقتدار نہیں دیا جائے گا ، اب کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی وزیر اعظم ووزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولیوں کے زخم کی خبریں من گھڑت اور غلط ہیں، بتایا جائے کہ میتیں کہاں گئیں اور قبریں کہاں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااﷲ تارڑ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی لاشوں سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز استعمال کر رہی ہے ، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی فوٹیج اور 2019 میں اپنے ہی دور کے واقعہ کی تصاویر کو ڈی چوک سے جوڑ دیا گیا، اپنے احتجاج سے فرار اور شرمندگی چھپانے کیلئے پی ٹی آئی والے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، فیک نیوز، ڈس انفارمیشن اور جھوٹا پروپیگنڈا ان کا وتیرا ہے ، گرفتار شرپسندوں کا سپیڈی ٹرائل ہوگا اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں