لاہورملک کا آلودہ ترین شہر، بارش کے امکانات معدوم

لاہورملک کا آلودہ ترین شہر، بارش کے امکانات معدوم

لاہور(آئی این پی )لاہور ایک بار پھر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرِفہرست آ گیا ۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حدوں کو چھوتے ہوئے 290 سے 800 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔

اوسطاً 290 رہاجو انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے ۔ واضح رہے کہ شہر میں سموگ کی سنگین صورتحال کے باوجود حکومت پنجاب نے زندگی کو معمول پر لانے کیلئے تعلیمی ادارے ، تفریحی مقامات اور تعمیراتی سرگرمیاں بحال کر دی ہیں۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر مبنی بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے ، سرکاری و نجی دفاتر 100 فیصد عملے کے ساتھ کام بھی کر رہے ہیں۔ دکانوں اور مارکیٹوں کیلئے رات 8 بجے بندش کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے ، ریسٹورنٹس میں ان وآئوٹ ڈور ڈائننگ رات 10 بجے تک محدود ہے تاہم باربی کیو کیلئے ہوڈ سسٹم کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے ۔ ٹریفک کے حوالے سے بھی نرمی کی گئی ہے ، پیر سے جمعرات تک بھاری گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی مگر جمعہ سے اتوار تک ہیوی ٹریفک پر پابندی رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور دیگر اضلاع میں موجود بادل برسنے کے امکانات کے بغیر ہی گزر رہے ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹے میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں