پیپلزپارٹی کی وجہ سے سسٹم چل رہا ہے :گورنر پنجاب
ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ آج اگر سسٹم چل رہا ہے تو پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہے ، یہ چوں چوں کا مربہ نما جمہوریت چل رہی ہے تو صدرآصف زرداری کی وجہ سے جنہوں نے ہر چیز قربان کر کے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ گورنر نے کہا ہمارے قائد ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی تسلیم کرلی مگر آمر کے سامنے جھکنا پسند نہ کیا،خود کو شیر کہنے والے جب ڈرے بیٹھے تھے تب بی بی نے آکر جام شہادت نوش کیا، بلاول شہیدوں کا وارث ہے ، کسی کی جرات نہیں کہ پیپلزپارٹی کے کارکن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے ،گورنر ہاؤس میں آپ کا خادم بیٹھا ہوا ہے ،اگر ہم اتحادی ہیں تو ملک کی بہتری کے لیے ہیں۔ آج ہم بڑے بھائی یوسف رضا گیلانی کو مس کررہے ہیں،گیلانی خاندان نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے پرچم کو بلند رکھا، اس خاندان نے پیپلزپارٹی کی جنگ ہر دور میں لڑی، یوسف رضا گیلانی کے مجھ پر ڈھیر سارے احسانات ہیں،اٹک میں اربوں روپے کے کام انکی وجہ سے ہوئے ،اگلے الیکشن میں بلاول بھٹوکو وزیراعظم بنانے میں ملتان کا اہم کردار ہوگا۔گورنر نے وزیراعظم بلاول کے نعرے بھی لگوائے ۔