عافیہ کی رہائی کیلئے امریکا جانیوالے وفد کو حکومت معالی معاونت دیگی: وزیراعظم کے سمری پر دستخط

عافیہ کی رہائی کیلئے امریکا جانیوالے وفد کو حکومت معالی معاونت دیگی: وزیراعظم کے سمری پر دستخط

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے،دنیا نیوز)امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحتیابی، رہائی اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

 وزیر اعظم نے عافیہ صدیقی کیس میں امریکاجانے والے وفد کو مالی معاونت فراہم کرنے کی سمری پر دستخط کر دیئے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت  کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل،نمائندہ وزارت خارجہ، فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق اور عدالتی معاون زینب جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے ۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کوپیش رفت سے آگاہ کیاکہ وزیراعظم وفد کے امریکا جانے کی منظوری دے چکے ہیں، وزارت خارجہ کے نمائندے نے بتایا کہ وفد کے ویزوں سے متعلق درخواست وزارت خارجہ نے بھیج دی ہے ، امید ہے ایک ہفتے تک منظوری ہو جائے گی، امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی تجویز شیئر کی ہے ،امید ہے جلد جواب آجائے گا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ذاتی وجوہات کی بنا پر سینیٹر عرفان صدیقی وفد کے ساتھ نہیں جا سکتے ،حکومت کی جانب سے سینیٹر بشریٰ وفد کے ساتھ امریکا جائیں گئی، عدالت نے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ 25 اکتوبر کو سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت کی جانچ کیلئے پاکستان سے ڈاکٹرز پر مشتمل وفد امریکا جائے گا جس میں سابق اورموجودہ ارکان پارلیمنٹ، ریٹائرڈ یا حاضر سروس آرمی آفیشلز، ڈاکٹرز اور فوزیہ صدیقی شامل ہوں گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی اور رہائی کیلئے امریکی صدر کو خط بھی لکھ چکے ہیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا امید ہے حکومت اپنا پورا زور لگائے گی،سابق سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاحکومت عوام اورعدالتی حکم پر کچھ کر رہی ہے لیکن دل سے نہیں کر رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں