عارف علوی کو 12 دسمبر تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکدیا گیا
کراچی ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، اپنے نامہ نگار سے ، دنیا نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر عارف علوی کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
سابق صدر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عارف علوی کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز عدالت نے 3 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کی تھی، سیاسی انتقام کی وجہ سے نامعلوم ایف آئی آرز میں گرفتاری کا خدشہ ہے ، گرفتار ی ہوگئی تو ہم اس عدالت کے دائرہ اختیار سے نکل جائیں گے ۔جسٹس ثنا اکرم منہاس نے کہا کہ ہم اس مرحلے پر کوئی حکم امتناع جاری نہیں کر رہے ، یہ اپنے آپ کو کچھ دن کے لیے بچا لیں گے ۔سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ عارف علوی کو درج کسی مقدمے میں آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کیا جائے ، آج کے بعد اگر کوئی ایف آئی آر ہوئی تو اس بارے میں ہم کچھ نہیں کر سکتے ۔عدالت نے فریقین سے 12 دسمبر تک جواب طلب کر لیا اور سماعت ملتوی کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی بخاری ایڈووکیٹ کی کیسوں کی تفصیلات فراہمی کی درخواست میں وزارت داخلہ ، پولیس و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے علی بخاری کی گرفتاری سے روک دیا۔عدالت نے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔