جو ڈیشل کمیشن کا21دسمبر کو اجلاس:لاہور ہائیکور ٹ میں 25ججز کی تعیناتی کیلئے 47نام بھجوا دیئے
لاہور،اسلام آباد(محمد اشفاق سے ،حسیب ریاض ملک)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ہائیکورٹس میں ججز تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21دسمبر کو طلب کرلیا،لاہور ہائیکورٹ میں25ججز کی خالی اسامیاں پر کرنے کیلئے 43وکلا اور 4سیشن ججز کے نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال کردئیے گئے ،
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے 21 وکلا ، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ نے 3سیشن ججز اور 8وکلا ، فاروق ایچ نائیک نے 8وکلا ،وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے ایک سیشن جج سمیت 4،بیرسٹر سید علی ظفر نے 3وکلاکے نام تجویز کیے ،لاہور ہائیکورٹ میں اس وقت 35ججز فرائض سر انجام دے رہے ہیں دیگر اسامیاں پونے چار سال سے خالی ہیں ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جن 21 نامور اور پروفیشنل وکلا کے نام بھجوائے ہیں ان میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق کا نام سر فہرست ہے جبکہ دیگر ناموں میں صدیق اعوان ، چو دھری اقبال احمد خان ، آصف سعید رانا ، اجمل زاہد ، عبد الباسط خان بلوچ ، حسن نواز مخدوم، عجم ملک،شیریں عمران اور اسد محمود عباسی شامل ہیں، جسٹس سید منصور علی شاہ نے سابق رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ اسلم سمیت 3سیشن ججز کے نام تجویز کئے ہیں، ان میں سیشن جج قیصر نذیر بٹ اور سیشن جج اکمل خان بھی شامل ہیں۔
جبکہ 8وکلا حیدر رسول مرزا ،منور اسلام ، رافع ذیشان ، قاسم علی چوہان ، سید شہاب قطب ،عاصمہ حامد ،سمیعہ خالد کے نام بھی تجویز کئے ہیں، بیرسٹر سید علی ظفر کی جانب سے ثاقب جیلانی ، قادر بخش اور ہما اعجاز اعوان کے نام بھجوائے گئے ہیں، کمیشن کے رکن فاروق ایچ نائیک نے جن 8وکلا کے نام تجویز کیے ان میں ملک جاوید اقبال ، حسیب شکور پراچہ ، مجیب الرحمٰن کیانی ،شہگن اعجاز ، صباحت رضوی ،ایان طارق بھٹہ ، نوازش پیر زادہ شامل ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تقرری کیلئے نامزد کردہ 10 امیدواروں کے نام سامنے آ گئے ۔ جن میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 2 امیدواروں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعظم خان اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کا نام تجویز کیا گیا ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے ایڈووکیٹ کاشف علی ملک کا نام دیا گیا ہے ، اسلام آباد بار کونسل کے نمائندے ذوالفقار علی کی جانب سے ایڈووکیٹ سید قمر حسین شاہ سبزواری کا نام تجویز کیا گیا،جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے ایڈووکیٹ سلطان مظہر شیر خان کو نامزد کیا گیا ہے ، روشن خورشید بروچہ کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو نامزد کیا گیا ہے ۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی جانب سے 4 نام تجویز کیے گئے جن میں قمر حسین سبزواری، عمر اسلم خان، دانیال اعجاز اور کاشف علی شامل ہیں۔