اسلام آبادہائیکورٹ: 2ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ امتحان دوبارہ لینے کاحکم
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پرمشتمل ڈویژن بینچ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو دو ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ امتحان دوبارہ لینے کاحکم دے دیا۔
ایم ڈی کیٹ امتحانات دوبارہ کرانے سے متعلق سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف شہیدذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی انٹراکورٹ اپیل پرسماعت کے دوران درخواست گزار وکیل نے کہا ہر طالب علم کو چھ چھ گریس مارکس ملے ہیں،جب ہم نے ببل شیٹس اور سوال نامہ فراہم کیا تو سنگل رکنی بینچ کا فیصلہ آیا،سنگل بینچ نے پی ایم ڈی سی کو رزلٹس سے متعلق معاملے کو دیکھنے کی ہدایت کی،سنگل بینچ نے سوال نامہ اور رزلٹس ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کا حکم دیا اور ہم نے عملدرآمد کیا،انہوں نے 200 سوالات میں 31 سوالات کو آؤٹ آف کورس قرار دے دیا،پی ایم ڈی سی کمیٹی نے جب معائنہ کیا تو انہوں نے 25 اور پھر 18 سوالات کو مشکل ہونے کی وجہ سے آؤٹ آف سلیبس قرار دیا،اسلام آباد کیلئے کل 150 نشستیں ہیں جس میں 50 میڈیکل اور 100 ڈینٹل کی ہیں،چیف جسٹس نے کہا سوال پھر بھی یہی ہے کہ 31 سوالات کے خلاف شکایات پر 25 سوالات کیوں اٹھائے گئے ؟،پی ایم ڈی سی کے وکیل نے کہا 25 سوالات کو اسی لئے اٹھایا گیا کیونکہ دو دفعہ analysis ہوا،جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استفسار کیاجب سٹوڈنٹس نے 31 سوالات کے حوالے سے اپنے تحفظات بتائے تو 18 سوالات کیوں اٹھائے ؟،وکیل درخواست گزار سے کہااگر آپ نے پی ایم ڈی سی کی رائے کوماننا ہے تو من وعن ماننا ہے ۔