8فروری الیکشن ،جو امیدوار پسند آیا اسے جتوایا :جاوید لطیف
لاہور(دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف مذاکرات کے لیے 9مئی پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کریں گے ۔
دنیا نیوزکے پروگرام‘‘بات نکلے گی’’میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا آٹھ فروری کے الیکشن میں ارینجمنٹ کے ذریعے حکومت بنوائی گئی، جہاں سے جو امیدوار پسند آیا اسے جتوایا گیا۔الیکشن میں کسی جماعت کی اکثریت نہیں تھی، الیکشن کے دس دن بعد شہبازشریف سے ملاقات ہوئی، شہبازشریف نے کہا ہمیں مرکزمیں حکومت نہیں بنانی چاہیے ۔ تحریک انصاف کی حکومت بنوانے میں انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا کردارتھا، جب عمران خان نے انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا مفاد چھوڑا توعدم اعتماد ہوگیا، پی ٹی آئی حکومت کیخلاف عدم اعتماد نہیں لانی چاہیے تھی۔
جاوید لطیف نے کہا آٹھ فروری کے الیکشن میں بھی فیض حمید کے ذریعے سہولت کاری کی گئی، فیض حمید اکیلے سہولت کاری نہیں کرسکتے تھے ، میں کیسے مان لوں فیض حمید سب کچھ کررہے تھے اورباجوہ کوعلم نہ ہو؟ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اس وقت کی عدلیہ بھی شامل تھی۔ جولوگ فیض حمید سے رابطے میں تھے انہیں بھی کٹہرے میں لانا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک طرف سول نافرمانی دوسری جانب مذاکرات، ایسا نہیں ہوسکتا، کوئی بھی حکومت این آراودینے کی پوزیشن میں نہیں ہوتی، بانی پی ٹی آئی بیک ڈورچینلزسے فوری رہائی کا تقاضا کرتے ہیں۔ مشرف کے ٹرائل کے اثرات آج تک باقی ہیں، نوازشریف مشرف کونہ ہٹاتے تب بھی وہ مارشل لا لگا دیتے ۔