ایران کا آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کا اعلان

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تمام کمرشل جہازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے اور جنگ بندی کی باقی مدت کے دوران یہ راستہ مکمل طور پر فعال رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران تجارتی جہازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی، تاہم جہازوں کو ایران کی بندرگاہوں اور بحری امور کی تنظیم کی جانب سے پہلے سے مقرر کردہ مربوط راستوں پر سفر کرنا ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق یہ اقدام خطے میں کشیدگی میں کمی اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، اور اس کی بندش یا بحالی کے عالمی معیشت پر براہِ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں