امن، استحکام جمہوریت کیلئے خواتین کی شرکت ناگزیر :چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (اے پی پی )چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور جمہوریت کے لئے خواتین کی شرکت ناگزیر ہے ،ورکنگ ویمن کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی خواتین کی جمہوریت اور سیاسی استحکام میں انمول خدمات کو سراہتے ہیں ۔
جاری بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ خواتین جو ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی پر مشتمل ہیں، انتخابی عمل میں برابری کی سطح پر شرکت کے ذریعے پائیدار امن اور خوشحالی کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔ الیکشن کمیشن کا عزم ہے کہ آئندہ انتخابات میں صنفی فرق کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ خواتین کی انتخابی عمل میں نمائندگی بڑھانے کے لیے اہم قانونی اصلاحات کے تحت سیاسی جماعتوں کو اپنی ٹکٹوں کا 5 فیصد خواتین کے لئے مختص کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے ، تاہم الیکشن کمیشن اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ اس ضمن میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ اس فیصلے پر عملدرآمد اور خواتین کے لئے ٹکٹوں کی فراہمی میں مزید اضافہ ہو سکے ۔چیف الیکشن کمشنر نے قومی دن برائے ورکنگ ویمنز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں جمہوریت میں پاکستانی خواتین کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے ۔