ٹیکس وصولی،ایف بی آر کا31دسمبر تک دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی)ایف بی آرنے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے 31 دسمبر تک سرکاری تعطیلات کے دوران بھی تمام دفاتر کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔
ایف بی آرحکام کاکہناہے کہ ٹیکس دہندگان اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس واجبات سرکاری تعطیلات کے دوران بھی ادا کرسکیں گے ۔اس حوالے سے تمام فیلڈ فارمشنز کو مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 28 اور 29 دسمبر ہفتہ، اتوار کوبھی تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اورٹیکس دہندگان سے ڈیوٹی و ٹیکسوں کی وصولی جاری رہے گی۔ رواں مالی سال2024-25 کی دوسری سہ ماہی(اکتوبر تا دسمبر)کیلئے ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے تعاون کیا جائے ،ٹیکس ریکوری کیلئے انفورسمنٹ اقدامات کو تیز کیا جائے اورپوری کوشش کی جائے کہ رواں ماہ اور سہ ماہی کے اہداف کا حصول یقینی بن جائے ۔ تمام فیلڈفارمشنز متعلقہ بینک برانچز سربراہان کیساتھ بھی قریبی رابطے میں رہیں تاکہ جمع کرائے جانے والے ٹیکس واجبات کی اسی روز قومی خزانے میں منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے اور واجبات کا شمار اسی ماہ میں ہوسکے ۔