مذاکرات میں پیشرفت کا ٹائم فریم 15جنوری:وقاص اکرم
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے ،اس کے قائدپر سیاسی الزامات عائد ہیں۔ عمران خان کی رہائی دور کی بات ہے ،حکومت ہمارے ساتھ بیٹھنے کا اختیار بھی نہیں رکھتی، جب اللہ تعالیٰ نے چاہا تو عمران خان جیل سے رہا ہوجائیں گے ۔
عمران خان نے کل واضح کہہ دیا کہ 15 جنوری تک مذاکرات میں پیشرفت کا ٹائم فریم ہے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہماری توقع اللہ تعالٰی سے ہے ، عمران خان کو پاکستان کی عدالتوں سے انصاف ملے گا،تحریک انصاف نے کسی ملک سے درخواست نہیں کی،واضح ہو گیا کہ دنیا تحریک انصاف کے مؤقف کی تائید کر رہی ہے ،ایسی آوازوں کو ملکی معاملات میں مداخلت نہ سمجھا جائے ،حکومت کے احمق وزیروں کے بیانات سے کچھ نہیں ہو گا،تحریک انصاف کی دو شرائط ہیں ،ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی اور9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کرانے کے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ان کاکہناتھاکہ عمران خان سے تین چار ماہ سے ہمیں ملنے نہیں دیا جارہا، ملاقات کی اجازت دی جائے ورنہ 2 جنوری کا اجلاس بے معنی ہوجائے گا،مشاورت کیلئے عمران خان سے ملاقات ضروری ہے ،ورنہ کئی باتوں پر پھر مسائل کھڑے ہوجائیں گے ۔