جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،13خوارج ہلاک
راولپنڈی ،اسلام آباد(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر، اے پی پی)سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں کارروائی کرتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں کارروائی کرتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کردیا، مارے جانے والے خارجی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے ، علاقے میں کسی بھی خارجی کی موجودگی اور اس کے قلع قمع کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے ،سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، آصف زرداری نے کہا پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ،شہباز شریف نے کہا انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔