بانی پی ٹی آئی کی رہائی مہم کے پیچھے اسرائیل :خواجہ آصف:کسی ملک کی مدد نہیں چاہتے:تحریک انصاف

بانی پی ٹی آئی کی رہائی مہم کے پیچھے اسرائیل :خواجہ آصف:کسی ملک کی مدد نہیں چاہتے:تحریک انصاف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہناہے کہ آپریشن گولڈ سمتھ کے ریکروٹ جہاں بھی موجود ہیں ، وہ عمران خان کی نجات کے لئے پاکستان کے مفادات کے خلا ف بھر پور مہم چلا رہے ہیں ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی مہم کے پیچھے اسرائیل ہے ۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چودھری کاکہناہے کہ امریکا کو ہماری خود مختاری کا احترام کرناہوگا ۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اگر انسانی حقوق پر کوئی بیان دیتا ہے تو اسے خوش آمدید کہتے ہیں ،رچرڈ گرینل کے بیان کا زرتاج گل سمیت پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی خیر مقدم کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کاکہناتھاکہ بانی کی رہائی ملکی عدالتوں کے ذریعے ہوگی، پی ٹی آئی کسی بھی ملک کی مدد کی خواہشمند نہیں، نامزد ایلچی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں ،جو بھی بانی کی رہائی کی کوشش کر رہا اس کا شکریہ۔وزیردفاع خواجہ آصف نے نامزد امریکی ایلچی رچرڈ گرینیل کے بیان پر رد عمل میں ایکس پیغام میں کہا عمران خان کے لئے مغربی دنیا میں جو چند آوازیں اٹھ رہی ہیں ان پر یہ واضح ہونا چاہئے کہ ہم قومی مفادات کا تحفظ کرنا جانتے ہیں اورہماری اول وآخر ترجیح صرف اور صرف پاکستان ہے ۔بعدازاں ٹی وی پروگرام میں خواجہ آصف کا کہناتھاکہ گرینل آجائے یا کوئی اور ہمیں کوئی فکر نہیں ،کوئی پاکستان کے گریبان پر ہاتھ ڈالے تو پھر اس کو جواب بھی مل جائے گا۔

گرینل کا امریکا کی سیاست میں پہلی مرتبہ نام سنا ہے گرینل کو نامزدگی سے پہلے جانتاتک نہیں تھا، کیا رچرڈگرینل ٹرمپ انتظامیہ میں اثرورسوخ رکھتے ہیں؟ ، ان کا پاکستان سے متعلق اہم کردار نہیں ہو سکتا۔ ماضی میں بھی امریکی دباؤ آتے رہے ہیں اور پاکستان نے جواب بھی دیا ہے ، گرینل یا امریکی دباؤ کا بانی پی ٹی آئی کے ٹرائل پر کوئی اثر نہیں ہو گا ۔ امریکا کیساتھ ہمارے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں اس میں کچھ غلط نہیں ، ایک شخص کے بیانات کو اہمیت دی جارہی ہے جو امریکی کابینہ کا ممبر بھی نہیں ۔وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیلی اثاثہ ہے اور اسرائیلی لابی کا امریکا میں اثر ورسوخ ہے ، بانی کاٹرائل قانون کے مطابق ہو گا، دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا جو ممالک پاکستان پر تنقید کر رہے ہیں ان کا اپنا کیا کردار ہے ، غزہ میں 45 ہزار لوگ شہید ہو گئے اور یورپی ممالک کا ضمیر تک نہیں جاگا، یورپی ممالک کا غزہ پر ضمیر نہیں جاگا لیکن پاکستان میں ایک شخص کی قید پر ضمیر جاگ گیا۔سینیٹر طلال چودھر ی کا ٹی وی انٹرویو میں کہناتھاکہ اس طرح کے بیانات سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا کوئی امکان نہیں اورنہ ہی اس حوالے سے پاکستان پرکوئی دباؤ ہے ۔

تحریک انصاف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل کے بیان کا خیر مقدم کرتے کہا کہ بانی کی آزادی پاکستان کے آئین وقانون کے مطابق ہو گی، انکی رہائی پاکستانی عوام کی شراکت سے اور عدالتوں کے ذریعے ہوگی، پارٹی کسی بھی ملک بشمول امریکی مدد کی خواہش مند نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے کہا پی ٹی آئی کسی ملک درخواست کرے گی نہ توقع رکھتی ہے ، ہم ان تمام افراد کو شکریہ کرتے ہیں جو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوشاں ہیں لیکن جہاں تک بانی کی رہائی کا تعلق ہے یہ پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق ہوگی۔سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا اگر انسانی حقوق پر کوئی بیان دیتا ہے تو اسے خوش آ مدید کہتے ہیں،ہم بیان پر شکر گزار ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ مداخلت چاہتے ہیں۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا بانی کی رہائی کیلئے اٹھنے والی ہر آواز کو خوش آمدید کہتے ہیں، بانی سیاسی قیدی ہیں۔ علی محمد خان نے ٹی وی پروگرام میں کہا نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ کے آنے سے امریکی انتظامیہ پاکستان کے معاملات میں نیوٹرل ہوسکتی ہے ۔ نو منتخب امریکی صدر کے آنے یا کسی کی تعیناتی سے عمران خان کی رہائی کے متعلق ہماری کوئی سوچ نہیں ، بانی نے اس حوالے سے واضح کیا تھا کہ اپنی رہائی کیلئے ٹرمپ سے زیادہ توقع نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں