کرم: 80روز سے راستے بند، انٹری ٹیسٹ موخر کردیاگیا

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع کرم میں 80روز سے راستوں کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ،مقامی رہائشیوں کو دواؤں اور خوراک کی قلت کا سامنا ہے ۔
پارا چنار میں پیش آنے والے واقعات پر گلگت بلتستان میں بھی مجلس وحدت المسلمین کا مختلف مقامات پر دھرناجاری ہے ۔ادھرگلگت بلتستان میں شہید ضمیر عباس چوک میں بھی دھرنا دیاجارہاہے ۔ضلع نگر میں مظاہرین نے شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرم ایجنسی میں ادویہ کی فراہمی کے آپریشن کے تحت 2 ہزار 500 کلو ادویات گزشتہ روز پارا چنار پہنچائی گئیں۔علاوہ ازیں پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے مخدوش صوتحال کے باعث ضلع کرم میں انٹری ٹیسٹ امتحان موخر کر دیا گیا۔ مختصر عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کرم میں کشیدہ حالات کے باعث انٹری ٹیسٹ کے متبادل ہالوں جبکہ امتحان موخر کرنے کی استدعا کر رہے ہیں۔جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ فریقین کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے کہ اگلی سماعت پر جواب جمع کرائیں، اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذمہ دار افسران اگلی سماعت پر بذات خود پیش ہو ں۔بعد ازاں ضلع کرم میں انٹری ٹیسٹ امتحان موخر کرتے ہوئے عدالت کی جانب سے 31 دسمبر تک سماعت ملتوی کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کو ادویات پہنچانے اور مریضوں کو پشاور پہنچانے کے لئے ہیلی کاپٹر سروس چلائی جارہی ہے ۔