عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت دباؤ میں نہیں آئیگی:احسن اقبال
شکر گڑھ (تحصیل رپورٹر)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی، رہائی صرف عدالت دے سکتی ہے ، حکومت کے پاس رہائی کی کنجی نہیں ،وہ شہید میجر اویس عارف کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم شہید میجر اویس کی مقروض ہے وہ قوم کے محسن ہیں ،شہید میجر اویس کے نام پر شاہراہ منسوب کریں گے ، یاد گار بنائیں گے ، احسن اقبال نے کہا کہ ایٹمی پروگرام ہماری آزادی اور آزاد مستقبل کی ضمانت ہے ۔کوئی باہر سے پاکستان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست پاکستان اور سلامتی کے اداروں پر حملہ کرنے والوں کے لئے کوئی معافی نہیں۔ریاست کو سیاست کی نذر نہیں کر سکتے ،پاکستان کی ریاست سے خود کو بڑا سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔