سپارکو کا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او1) 17جنوری کو لانچ کرنیکا اعلان
اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو)نے 17جنوری کو چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان کے مقامی الیکٹرو آپٹیکل (ای او-1)سیٹلائٹ کے لانچ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو یہاں (سپارکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقامی طور پر تیار کیا گیا EO-1 مشن کا آغاز سپیس سائنس اور اختراعات میں پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے میں سپارکو کی لگن اور مہارت کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ مقامی طور پر تیار کردہ سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم کامیابی کی نمائندگی کرتا ہے ۔ یہ ملک کے قدرتی وسائل کی نگرانی ، انتظام کرنے ، قدرتی آفات کی پیش گوئی اور ان کا جواب دینے ، خوراک کی حفاظت میں مدد ، باخبر فیصلہ سازی کے ذریعے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ زراعت میں فصلوں کی نگرانی، آبپاشی کی ضروریات کا اندازہ لگاکر پیداوار کی پیش گوئی اور غذائی تحفظ کے اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے درست اقدامات لینے میں مددگار ثابت ہوگا، ماحولیاتی نگرانی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں یہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، زلزلوں، جنگلات کی کٹائی اور زمین کے کٹاؤ کے بارے میں بروقت اپ ڈیٹ فراہم کرے گا۔ ای او-1 سیٹلائٹ کا لانچ پاکستان کے خلائی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔