190ملین پاؤنڈ کیس ملکی تاریخ کا سب بڑاڈاکہ:عطاتارڑ
لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے ، یہ اوپن اینڈ شٹ کیس تھا اور اس کیس میں شواہد کی بنیاد پر سزا ہوئی ۔
وفاقی وزیراطلاعات نے لاہور میں علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے )نے یہ پیسہ ضبط کرکے پاکستان کو دیا کہ یہ پاکستان کا پیسہ ہے لیکن عمران خان،ان کی اہلیہ اور کابینہ نے بند لفافہ منظور کرکے یہ پیسہ ان ہی کے حوالے کردیا جس سے ضبط کیا گیا تھا،یہ تقریباً 80 سے 90 ارب کا گھپلاہے ۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جب ان لوگوں کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں تھا تو کہہ دیا گیا کہ سیرت پر چلنے کی سزا دی گئی، ہر بات میں آپ مذہب کو لے آتے ہیں،ہر چیز میں مذہب کو لانا بند کریں، کیا آپ ساری عمر مذہب کی تبلیغ کرتے رہے ہیں، کیا جب آپ کرکٹ کھیلتے تھے تو وہاں مذہب کی تبلیغ کرتے تھے ، آپ کے خلاف بیرون ملک سے جتنے فیصلے آئے وہ مذہب پر بات کرنے کی پاداش میں آئے ، سیاست ہوتی رہے گی لیکن دین اور مذہب کا نام نہ لیں۔ مذہب بہت مقدس ہے سیاست اتنی مقدس نہیں ہے ، یہ ہوتی رہے گی ہم نے اللہ اوراس کے رسول ؐ کو جواب دینا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ میں پی ٹی آئی کی پوری قانونی ٹیم کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور اس موضوع پر مجھ سے بحث کریں کہ یہ حکومت پاکستان کا پیسہ تھا یا نہیں، اور یہ حکومت کے حوالے کیا گیا یا نہیں؟۔