نیا سال پاک ، چین عوام کیلئے خوشحالی لائیگا،شہباز شریف
اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار،اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لئے خوشحالی لائے گا۔
عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے شہباز شریف سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں چینی قیادت کے ساتھ ساتھ چین کے برادر عوام بشمول پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چینی سفیر نے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کرکے چمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں پر بریفنگ اور 7 فروری کو قذافی سٹیڈیم کے افتتاح کی دعوت دی۔وزیر اعظم سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملاقات کی ۔ اس دوران اہم سیاسی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی ذرائع نے بتایا محسن نقوی نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ امریکا اور اس دوران اہم امریکی حکام، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
شہباز شریف نے محسن نقوی سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔ذرائع نے بتایا وزیراعظم نے قذافی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ۔ شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لئے خوشحالی لائے گا۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ دریں اثناء شہباز شریف نے عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے موقع پر جاری پیغام میں کہاہے ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر بین المذاہب ہم آہنگی کا ہفتہ منا رہے ہیں، یہ ہفتہ پوری دنیا میں متنوع مذہبی برادریوں کے مابین مکالمے ، ہم آہنگی اور تعاون کو اجاگر کرنے کیلئے اہمیت کا حامل ہے ۔دعا ہے یہ ہفتہ ہم سب کو، اپنی زندگی میں، باہمی برداشت و تعاون کی اقدار کو اپنانے کی ترغیب دے ، جو تمام شہریوں کے پرامن اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنائے ۔