نئے وفاقی وزیروں،وزرائے مملکت کو محکمے الاٹ

نئے وفاقی وزیروں،وزرائے مملکت کو محکمے الاٹ

اسلام آباد(نامہ نگار،خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں شامل 12نئے وزراء اور 9وزرائے مملکت، مشیران و معاونین خصوصی کو قلمدان سونپ دیئے ، 2 وزراء کی وزارتیں تبدیل جبکہ سات وزراء سے اضافی قلمدان واپس لے لیے گئے ۔

 کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کو پارلیمانی امور، علی پرویز ملک کو پٹرولیم، اورنگزیب کھچی کو قومی ورثہ اور ثقافت کا قلمدان سونپ دیا۔خالد مگسی کو سائنس و ٹیکنالوجی، حنیف عباسی کو ریلوے ، معین وٹو کو آبی وسائل ،جنید انور کو میری ٹائم افیئرز (سمندری امور)،رضا حیات ہراج کو دفاعی پیداوار، سردار محمد یوسف کو مذہبی امور، سید مصطفی کمال کو نیشنل ہیلتھ سروسز (قومی صحت)، رانا مبشر اقبال کوپبلک افیئرز یونٹ اور شزا فاطمہ کو وفاقی وزیر آئی ٹی اور ٹیلی مواصلات کا قلمدان دیا گیا ہے ۔وزرائے مملکت میں رشید احمد خان کو نیشنل فوڈ سکیورٹی، عبدالرحمٰن خان کانجو کو پاور ڈویژن، عقیل ملک کو قانون و انصاف، بلال اظہر کیانی کو ریلوے ، کیسو مل کھیئل داس کو مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی، محمد عون ثقلین چودھری کو اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، مختار احمد برتھ کو صحت، طلال چودھری کو داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول، وجیہہ قمر کو تعلیم و تربیت کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔وزیراعظم کے خصوصی معاونین میں شامل ہارون اختر کو صنعت و پیداوار، حذیفہ رحمٰن کو قومی ورثہ و ثقافت، مبارک زیب کو قبائلی امو اور طلحہٰ برکی کو معاون خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کیا گیا۔

وزیراعظم کے مشیروں میں ڈاکٹر توقیر حسین شاہ کو پرائم منسٹر آفس، محمد علی کو نجکاری اور پرویز خٹک کو مشیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے وفاقی وزیر اور وزیر مملکت کی موجودگی میں پرویز خٹک بے اختیار مشیر ہوں گے ۔مصدق ملک کی وزارت تبدیل کردی گئی ان کے پاس اس سے قبل پٹرولیم کی وزارت تھی جہاں سے تبدیل کرکے ان کو موسمیاتی تبدیلی کا وفاقی وزیر مقرر کردیا گیا۔عبد العلیم خان سے نجکاری اور سرمایہ کاری کے قلمدان واپس لے کر انہیں وزیر مواصلات بنادیا گیا ہے ۔قیصر احمد شیخ سے میری ٹائم افیئرز کا قلمدان واپس لے کر سرمایہ کاری بورڈ کا قلمدان دے دیا گیا۔ رانا تنویر حسین سے صنعت و پیداوار کا قلمدان واپس لے کر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا قلمدان سونپ دیا گیا ۔وزیر دفاع خواجہ آصف سے دفاعی پیداوار اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے پارلیمانی امور کا اضافی قلمدان واپس لے لیا گیا ۔وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے قومی ورثہ اور ثقافت، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی چودھری سالک سے مذہبی امور اور وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت کا اضافی قلمدان واپس لے لیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں