دہشتگردی کے پیچھے بھارت،افغانستان دہشتگرد گروپو ں کو روکے :پاکستان

دہشتگردی کے پیچھے بھارت،افغانستان دہشتگرد گروپو ں کو روکے :پاکستان

اسلام آباد(وقائع نگار، دنیا نیوز ، آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگرد ی کا ذمہ دار بھارت ہے۔

 جعفر ایکسپریس پر حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی ، وا قعہ کے دوران ٹریس کالز میں افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ہے ، افغان حکومت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور پاکستان کے ساتھ تعاون کرے ۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ  ٹرین پر حملہ ملک سے باہر دہشت گردوں کا پلان تھا، ہم افغان حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن دہشتگردی بنیادی مسئلہ ہے ۔ ہم نے ابھی ٹرین دہشت گردی پر ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور ہم سفارتی رابطوں کو اس طرح پبلک فورم پر بیان نہیں کرتے ، ماضی میں  بھی ہم ایسے واقعات کی مکمل تفصیلات افغانستان کے ساتھ شیئر کرتے رہے ہیں ۔ہمارے بہت سے دوست ممالک نے جعفر ایکسپریس دہشت گردی کی مذمت کی ہے جبکہ ہمارے کئی دوستوں سے ہمارا انسداد دہشت گردی پر تعاون موجود ہے ۔ ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ یہ پر اپیگنڈا ہو رہا ہے کہ پاکستان طورخم سرحد کو کھلنے نہیں دے رہا، ہم طورخم سرحد کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں۔

افغانستان کی جانب سے پاکستانی سرحد کے اندر چوکی بنانے کی کوششیں کی جا رہی تھیں، ہم افغان حکام کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کوئی بھی تعمیرات کریں ۔ترجمان نے واضح کیا کہ یو ایس ایڈ کی سکولوں کے لئے مختص رقوم کے دہشت گردی میں استعمال کے مبینہ الزامات بے بنیاد ہیں ،ہم نے امریکا میں پاکستانی شہریوں کے داخلے پر متوقع پابندیوں کی خبروں کا نوٹس لیا ہے تاہم ابھی تک ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے اور یہ صرف افواہیں ہیں۔ امریکا میں ہمارا سفارتخانہ امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے احسن وگن نجی دورے پر امریکا جا رہے تھے حکومت اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے ۔سپین میں گرفتار پاکستانی شہریوں میں سے 4 کو عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کی جانب دو کشمیری تنظیموں کو غیر قانونی قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں